بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر موجود برطانوی خلا باز ٹم پیک نے زمین کے مدار میں تیز ترین میراتھن کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
وہ اتوار کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی ایک ٹریڈ مل پر عین اس وقت دوڑے ہیں جب لندن میں تقریباً 42 ہزار افراد میراتھن میں حصہ لے رہے تھے۔
خلا نورد ٹم پیک بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) کے ایک چھ ماہ طویل تجرباتی پروگرام کا حصہ ہیں۔
انھوں نے 24 اپریل کو زمین سے 400 کلو میٹر اوپر واقع بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے لندن میراتھن میں شرکت کی اور لندن میراتھن دوڑ کا 26.2 میل یعنی 42 کلومیٹر کا فاصلہ ٹریڈ مل پر دوڑ کر طے کیا۔
خلا باز ٹم پیک نے خلا میں لندن میراتھن جتنا فاصلہ تین گھنٹے 35 منٹ اور 21 سکینڈز میں مکمل کر کے ایک عالمی ریکارڈ
قائم کیا ہے۔ خلا میں توازن برقرار رکھنے کے لیے وہ ٹریڈ مل (ورزش کی مشین) کے ساتھ الاسٹک بیلٹ کے ساتھ بندھے ہوئے تھے۔
اتوار کو گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی 44 سالہ ٹم پیک کے اس ریکارڈ کی تصدیق کردی ہے۔
خلا میں تیز ترین میراتھن مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کرنے والے ٹم پیک زمین پر 1999 میں یہ فاصلے تین گھنٹے 18 منٹ اور 50 سکینڈز میں طے کر چکے ہیں۔
خلا میں تیز ترین میراتھن مکمل کرنے کا کا ریکارڈ ناسا کی خلا باز سونیتا ولیمز کے پاس تھا جنھوں نے 2007 میں خلا میں بوسٹن میراتھن کا فاصلہ ساڑھے چار گھنٹے میں طے کیا تھا۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق سالانہ لندن میراتھن کے سلسلے کی 36 ویں دوڑ میں حصہ لینے والے افراد کے مقابلے پر خلا باز ٹم پیک کی دوڑ کا ماحول اور شرائط مختلف تھیں۔